بالی ووڈ موسیقی ، داعش جنگجوؤں کیخلاف برطانوی فوج کا نفسیاتی ہتھیار

لندن۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی انٹلیجنس سے وابستہ ایک پاکستانی نژاد انٹلیجنس آفیسر کے مشورہ پر برطانوی خصوصی فورسیس نے لیبیا میں آئی ایس آئی ایس (داعش) کے دہشت گردوں کے خلاف بالی ووڈ موسیقی کو نفسیاتی جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی نژاد انٹلیجنس افسر کا مشورہ قبول کرتے ہوئے برطانوی فوج نے کہا ہے کہ بالی ووڈ موسیقی سے داعش جنگجو میں برہمی پیدا ہوئی ہے کیونکہ وہ موسیقی کو غیراسلامی تصور کرتے ہیں۔ برطانوی فوجی ذرائع نے روزنامہ ’’مرر‘‘ سے کہا کہ ’’ہمیں ان عسکریت پسندوں کی نفسیات کو بھڑکاتے ہوئے چراغ پا و حواس باختہ کرنے کی ضرورت تھی، اس کے ساتھ ہی اور ہمارے دائرہ کار کے قریب ان (داعش) کے جنگجوؤں کو اس مقام پر لانے کیلئے ہم نے یہ طریقہ استعمال کیا جو اپنا کام کردکھایا۔ نفسیاتی جنگی سرگرمیوں کے یونٹ نے داعش کے مواصلاتی رابطوں کو روک لیا اور بالی ووڈ موسیقی سنائی گئی کیونکہ یہ جہادی عناصر بالی ووڈ موسیقی کی سماعت کو اپنی بدترین توہین تصور کرتے ہیں، جنہیں سرتے ٹاؤن سے باہر نکالنے کیلئے قریبی علاقوں میں برطانوی اور لیبیائی سپاہیوں نے دو کاروں کو پارک کرتے ہوئے بالی ووڈ موسیقی کے ریکارڈس بجائے کیونکہ جب آئی ایس آئی ایس جنگجو اپنے مخصوص مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ اپنے ساتھیوں سے اس موسیقی کے بارے میں شکایت کرتے ہیں تو برطانوی فوجی یونٹ کو ان دونوں کے ٹھکانوں کا پتہ چل جاتا ہے۔