نئی دہلی، 17جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’پدماوت‘ کی ریلیز پرجاری تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ اب یہ ملک کی عدالت عظمیٰ میں بھی پہنچ گیا ہے۔ ’پدماوتی‘سے نام بدل کر ’پدماوت‘کرنے اور مناظر(سین )میں کاٹ چھانٹ کرنے کے بعد بھی کچھ ریاستی حکومتیں فلم کو اپنے یہاں ریلیز نہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے ۔ سینسر بورڈ کی منظوری ملنے کے باوجود بعض ریاستوں میں ریلیز کرنے پر پابندی لگانے کے جواز کو فلمسازوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور گجرات کی حکومتیں اپنی اپنی ریاستوں میں فلم کی ریلیز پر پہلے ہی پابندی عائدکر چکی ہیں۔ ہریانہ نے بھی کل اعلان کیا کہ ریاست میں فلم ریلیز نہیں ہوگی۔ تاہم، اتر پردیش اسے اپنے یہاں ر یلیز کرنے کی بات کہہ چکا ہے۔فلم کو لیکر خاص طور پرراجپوت برادری کی جانب سے سخت مخالفت کو دیکھتے ہوئے 25 جنوری کو ‘پدماوت ‘کی ریلیز پر ریاستی حکومتوں کیلئے لا ایند آرڈر کوبرقرار رکھنا چیلنج بن سکتا ہے۔