ممبئی ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) 70ء اور 80ء کے دہے میں فلموں میں ویلن اور کامیڈین کے علاوہ کبھی کبھی کلیدی ویلن کے اسسٹنٹ کے طور پر بخوبی اپنا رول نبھانے والے ایکٹر سدھیر کا چہارشنبہ کو انتقال ہوگیا۔ وہ پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلاء تھے۔ مرحوم محمد رفیع کا مشہور گیت ’’میں یہ سوچ کر اس کے گھر سے چلا تھا‘‘ فلم حقیقت میں آنجہانی سدھیر پر ہی فلمایا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے وقت کے ہر بڑے ہیرو کے ساتھ کام کیا۔ فیروزخان کے ساتھ کھوٹے سکے اور دھرماتما،
امیتابھ بچن کے ساتھ ستے پہ ستہ، دیوآنند کے ساتھ گیملبر، ششی کپور کے ساتھ ایک شریمان ایک شریمتی، شمی کپور کے ساتھ پرنس ان کی قابل ذکر فلمیں ہیں۔ بلیک اینڈ وائیٹ فلموں کے دور میں انہوں نے کئی بی کلاس فلموں میں ہیرو کا کردار بھی نبھایا۔ امیتابھ بچن کی ہی ایک اور ہٹ فلم ’’دیوار‘‘ میں انہوں نے اسمگلر جے چند کا رول بخوبی نبھایا تھا۔ ان کی آخری چند فلموں میں شاہ رخ خان کی بادشاہ اور بابی دیول و اکشے کھنہ کی فلم ہمراز شامل ہیں۔ ان کے خاندانی ذرائع نے آخری رسومات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ سدھیرجی کی موت پر بہت افسوس ہوا۔ میں ان کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر ڈنر کرنے نہ جاسکا حالانکہ انہوں نے کئی بار مجھے مدعو کیا تھا۔