بالی ووڈ اداکارہ شمی آنٹی کا انتقال

ممبئی۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شمی کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ 89 برس کی تھیں۔ بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے ان کے انتقال کی ٹویٹ پر اطلاع دیتے ہوئے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ بہترین اداکارہ اور پرفارمر اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔ وہ کافی وقت سے بیمار تھیں۔ ان کا اصل نام نرگس ربادی تھا لیکن انہیں فلم نگری میں ’شمی آ نٹی ‘کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں ہر کردار کو دل سے نبھایا خواہ وہ مزاحیہ ہو یا سنجیدہ۔ ربادی 1931 ء میں ممبئی میں پیدا ہوئی ،ان کا تعلق پارسی خاندان سے تھا۔ربادی کے ماما جو فلم میکر محبوب خان کے ساتھ کام کرتے تھے ،ان کے قریبی دوست شیخ مختارکو فلم کے لیے سیکنڈ ہیروئن کی تلاش تھی جس پر چننوماما نے اپنی بھانجی ربادی کا ذکر کیا تو انہوں نے کہا ٹھیک ہے لے آ ئو اسے ،ربادی یہ سن کر کافی ڈر گئی تھی کیونکہ پارسی ہونے کی وجہ سے ان کو ہندی کم آ تی تھیں لیکن چننوماما نے ان کو حوصلہ دیا اور جب انہوں نے شیخ مختار کے سامنے آ ڈیشن دیا تو وہ کچھ دیر کیلئے ہکا بکا رہ گئے۔سپر ہٹ فلم استاد پیدرو کے بعد شمی نے200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جن میں الزام،پہلی جھلک،بندش آ زاد،قلی نمبر1، گوپی کشن، ہم ساتھ ساتھ ہیں،جب جب پھول کھلے ‘ اتفاق ‘دی برننگ ٹرین اور قدرت جیسی کئی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔