جکارتہ ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی میں بم دھماکہ کرنے والوں کے روحانی پیشوا اور ایک جہادی تربیتی کیمپ کے پس پشت کارفرما اہم شخصیت جس پر دھاوے بھی کئے گئے تھے، کو جیل سے جکارتہ کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ باقر بشیر جو سفید داڑھی میں کافی کمزور نظر آرہے تھے، کو نیم فوجی دستے کے چار اہلکاروں کی نگرانی میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ باقر بشیر اس قدر نحیف و لاغر تھے کہ وہ بغیر سہارے کے چل نہیں سکتے تھے۔ انہیں ایک وہیل چیئر پر جس وقت لایا گیا اس وقت فوٹوگرافرس اور ٹی وی کیمرہ مینوں نے انہیں گھیر لیا۔ یاد رہیکہ انہیں 2011ء میں عسکریت پسندوں کی نوعیت کے ایک تربیتی کیمپ چلانے کی پاداش میں 15 سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی جس کا پتہ ایک دھاوے کے بعد چلا تھا۔ انہیں اس وقت صحت کے مسائل کا سامنا ہے جس میں ان کے دوران خون کی دھیمی رفتار سب سے زیادہ باعث تشویش ہے کیونکہ جسم کا زیادہ تر خون ان کے پیروں میں آ کر جمع ہورہا ہے جسے طبی اصطلاح میں ’’کرانک وینس انسنفیشینئی‘‘ کہا جاتا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے صدر جوکووڈوڈو نے بھی انسانی بنیادوں پر باقر بشیر کے علاج پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے۔