بالٹیمور ۔ 27اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پولیس تحویل میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے خلاف بالٹیمور میں عوامی احتجاج تشدد کی شکل اختیار کرگیا۔ احتجاجیوں نے پولیس کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی فلم بندی میں مصروف خاتون رپورٹر کے ہینڈ بیاگ کا سرقہ کرلیا۔ نوجوانوں کی ایک ٹولی پولیس تحویل میں 25 سالہ گرے کی موت کے بعد برہمی کے عالم میں سڑکوں پر نکل آئی تھی۔ ابتداء میں احتجاجیوں نے مخالف نعرے لگائے اور پیامات دکھائے اس کے بعد کیمرہ کی طرف مخالف پولیس پیامات دکھائے جانے لگے۔ اچانک صورتحال ابتر ہوگئی اور خاتون رپورٹر گر پڑی۔ چند لمحوں میں ایک شخص اس رپورٹر کا ہینڈ بیاگ لیکر فرار ہوگیا۔ اس وقت یہ خاتون پکار رہی تھی کہ اس کا بیاگ واپس کیا جائے۔ پولیس نے اس شخص کو تحویل میں لے لیا ہے۔ جس وقت یہ رپورٹر نیچے گر پڑی، کیمرہ چل رہا تھا اور فوٹیج میں خاتون رپورٹر کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہاں صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جارہی ہے ۔اس احتجاجی مظاہرہ کے دوران صرف وہی ایک خاتون شکار نہیں ہوئی بلکہ 12 افراد کو گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور پولیس پر بوتلیں پھینکنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔