کانگریس قائد انم رام نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( آئی این این ) : سابق متحدہ آندھرا پردیش ریاست کے وزیر و سینئیر کانگریس قائد مسٹر انم رام نارائن ریڈی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں مبینہ طور پر چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ وہ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائیڈو کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے کر این بالا کرشناکو اس عہدہ کی راہ ہموار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ این بالا کرشنا آنجہانی این ٹی آر کے فرزند ہیں جو کہ ہندو پور حلقہ سے اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں وہ آئندہ کے چیف منسٹر متوقع ہیں ۔ انم رام نارائن ریڈی نے اس بات کا یقین ظاہر کیا کہ بالا کرشنا چیف منسٹر کے عہدہ کے لیے موزوں ثابت ہوسکتے ہیں ۔ لہذا چندرا بابو کو چاہئے کہ وہ نوٹ برائے ووٹ کے معاملہ پر اپنے عہدہ سے استعفیٰ پیش کردیں ۔ سابق وزیر نے نائیڈو پر رشوت کے مقدمہ سے راہ فراری اختیار کرنے کا الزام عائد کیا کیوں کہ نائیڈو نے ریونت ریڈی کو رشوت کی رقم پہونچانے کے لیے استعمال کیا ہے ۔۔