بالا کرشنا کا انتخابات میں مقابلہ کا فیصلہ

حلقہ کا انتخاب چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد ہوگا

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے سمدھی و ممتاز تلگو فلم اسٹار مسٹر این بالاکرشنا نے اعادہ کیاکہ ریاست میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے وہ تیار ہیں تاہم وہ کس حلقہ سے انتخابی مقابلہ کریں گے مسٹر چندرابابو نائیڈو سے بات چیت کے بعد فیصلہ کریں گے اور پھر اس کا اعلان کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ ان کے والد آنجہانی این ٹی راما راؤ کی قائم کردہ پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانا ان کا اولین فرض ہے۔ مسٹر بالاکرشنا دورہ وشاکھاپٹنم کے موقع پر میڈیا سے بات کررہے تھے کہاکہ عام انتخابات میں سیما آندھرا اور تلنگانہ علاقوں میں تلگودیشم کا موقف طاقتور رہیگا اور سیما آندھرا عوام کے علاوہ تلنگانہ عوام تلگودیشم کو کامیاب بنانے کا تہیہ کرچکے ہیں کیونکہ ریاست کے عوام گزشتہ دس سال کے دوران کانگریس کی بے قاعدگیوں و کرپشن سے عاجز آچکے ہیں جس کی وجہ سے عوام نے کانگریس کو انتخابات میں بہتر سبق سکھانے اور تلگویدشم کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کی تقسیم کے نتیجہ میں سیما آندھرا علاقہ سے کانگریس کا صفایا ہوچکا ہے اور انتخابات کے بعد سیما آندھرا میں کانگریس کا وجود نہیں رہے گا۔ انھوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ تلگودیشم پارٹی انتخابات میں بہتر امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتارے گی۔