باغبانی پر یونیورسٹی کا قیام

1831 کروڑ کا خرچ ، نوجوانوں کے لیے دلچسپ کن ثابت ہوگا
حیدرآباد۔15ستمبر(سیاست نیوز) ملک میں باغبانی یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ ریاست میں موجود سری کونڈا لکشمن ہارٹیکلچر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ریاستی وزیر زراعت نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ سنگاریڈی کے علاقہ ملگو میں قائم کی جانے والی یہ یونیورسٹی تلنگانہ کا زیور ثابت ہوگی۔ ریاست تلنگانہ میں قائم کی جانے والی اس باغبانی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد جاریہ سال 7جنوری کو رکھا جا چکا ہے اور اس یونیورسٹی کی تعمیر کا عمل اندرون 5برس مکمل کرلیا جائے گا۔ اس یونیورسٹی کی تعمیری لاگت 1831کروڑ ہوگی جہاں ماحولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحول دوست عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ باغبانی یونیورسٹی کا قیام شعبہ زراعت میں ایک نئی تحریک پیدا کرنے کا موجب بن سکتا ہے کیونکہ اس سمت زرخیز سر زمین پر کافی تحقیق کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ گذشتہ یوم مسٹر پوچارم سرینیواس ریاستی وزیر زراعت وار مسز پدما دیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی نے سری کونڈا لکشمن ہارٹیکلچر یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے کیمپس میں تعمیر کی جانے والی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔باغبانی شعبہ میں مہارت کے حصول کیلئے یہ ضروری ہے کہ نوجوانوں کو باغبانی کے مختلف کورسس کی باضابطہ تعلیم فراہم کی جائے لیکن اب تک اس کا مناسب انتظام نہ ہونے کے سبب اس سمت رجحان نہیں تھا مگر اب جبکہ باغبانی کے متعلق کورسس کی تعلیم کے لئے عصری یونیورسٹی قائم ہوگی تو اس سمت رجحان رکھنے والوں کے لئے بہترین مواقع دستیاب ہونے کی قوی امید ہے۔ریاست تلنگانہ میں باغبانی یونیورسٹی کا قیام ریاست کے لئے باعث فخر ثابت ہوگا کیونکہ باغبانی سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد اس یونیورسٹی کا رخ کرے گی۔