واشنگٹن ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے افسوس ظاہر کیاہے کہ امریکہ عالمی سطح کی صلاحیت کے حامل اشخاص کو اپنی یونیورسٹی میں تربیت کے بعد برقرار رکھنے سے قاصر ہے کیونکہ ایمگریشن سسٹم شکستہ ہے اور اس صورتحال کو ٹالنے کوئی جامع ایمگریشن اصلاح ضروری ہے ۔ اوباما نے فلوریڈا یونیورسٹی میں خطاب میں کہا کہ یہ دیکھ کر نہایت خوشی ہوتی ہے کہ دنیا بھر سے کئی نوجوان اور ہنرمند افراد امریکہ میں قیام کیلئے آرہے ہیں ۔ اگر آپ انٹل و گوگل کے بانیوں کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو البرٹ آئنسٹائن ، الیگزینڈر گراہم بیل جیسی شخصیتوں کے بارے میں معلوم ہوگا کہ وہ تارکین وطن تھے ۔ امریکی صدر نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے یہ غلطی ہورہی ہے کہ ہم درست وقت پر اچھے لوگوں کو یہاں برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں ۔