بازار گھاٹ میں کیمیائی ری ایکشن سے سنسنی

راہگیروں کو سخت دشواریاں، آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں تکلیف

حیدرآباد 5 اگسٹ (سیاست نیوز) نامپلی کے علاقہ بازار گھاٹ میں آج رات اس وقت سنسنی پھیل گئی جب فیکٹری کا کیمیکل سڑک پر پھینکنے سے ری ایکشن ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد دور دور تک ٹریفک جام ہوگئی اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا اور کیمیائی مادے کی شدت کے سبب مقامی افراد کی آنکھوں میں جلن کی شکایات اور سانس لینے میں تکلیف عام ہوگئی۔ پولیس نے اس واقعہ کے ذمہ دار تاجر کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بازار گھاٹ کے اطراف کے رہائشی علاقے بھی اس ری ایکشن کی زد میں آگئے اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ پولیس نے آنسو گیس شیل برسائے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بازار گھاٹ کے علاقہ میں بیارل اور ڈبوں کا کاروبار کیا جاتا ہے اور یہ کاروباری افراد راست طور پر فیاکٹریوں سے استعمال شدہ کیمیکل کے ڈرم خریدکر ان کی صفائی بازار گھاٹ کی مصروف ترین سڑک پر کرتے ہیں ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آج شام بھی کیمیکل کی صفائی کے دوران بارش ہورہی تھی اور ایک ڈرم میں موجود کیمیکل مادے کے باعث ریکشن ہوکر گیس خارج ہوئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انسپکٹر نامپلی مسٹر کے مدھو موہن نے بتایا کہ پولیس نے فوری مقام پر پہونچ کر حالات پر قابو کرلیا اور متاثرہ علاقے کی سمت جانے والی ٹریفک کے رخ کو موڑدیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کا ذمہ دار ڈرموں کے تاجر افضل کو فوری حراست میں لے لیا گیا اور اس کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 283 (عوامی راستے میں خطرہ اور رکاوٹ پیدا کرنا) ، 336 (دوسروں کی جان اور شخصی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بازار گھاٹ کے اس علاقہ میں کاروباریوں کی لاپرواہی سے شہریان کو رات دیر گئے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا اور بعض ضعیف اور بچوں کو آنکھ سے آنسو اور جلن کے سبب دواخانہ علاج کیلئے رجوع ہونا پڑتا ۔