محکمہ ٹریفک پولیس اور جی ایچ ایم سی سے پارکنگ کے خصوصی انتظامات
حیدرآباد۔23مئی (سیاست نیوز) شہر کے بازاروں اور نمائش و سیل جہاں لگائے گئے ہیں ان مقامات پر پارکنگ کے نام پر کوئی فیس وصول نہیں کی جاسکتی اور ماہ رمضان المبارک کے خصوصی سیل کے مقامات کو بھی پارکنگ فیس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے ۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے شہری علاقو ںمیں جو پارکنگ پالیسی روشناس کروائی گئی اس کے مطابق خریداری کیلئے کسی بھی شاپنگ کامپلکس میں پارکنگ فیس سے زائد کی خریدی کی صورت میں کوئی پارکنگ فیس کی وصولی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔اسی طرح محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور شہریوں کو اس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ پارکنگ مافیا کی حوصلہ افزائی نہ کریں بلکہ جس کسی مقام پر پارکنگ کے نام پر پیسے وصول کئے جا رہے ہیں اس کے متعلق پولیس اور جی ایچ ایم سی کو مطلع کیا جائے کیونکہ پارکنگ فیس کی وصولی کو سرکاری طور پر غیر قانونی قراردیا جا چکا ہے اور ایسا کرنے پھر خاموشی اختیار کرنا جرم کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔جی ایچ ایم سی کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ شہر میں بعض مقامات پر پارکنگ فیس کی وصولی کے سلسلہ میں شکایات موصول ہورہی ہیں اور ان شکایات پر پولیس کی جانب سے عدم کاروائی کے سبب پارکنگ مافیا کی حوصلہ افزائی ہونے لگی ہے اور معمولی پارکنگ فیس کے نام پر 10تا20 روپئے وصول کئے جانے لگے ہیں اور اس طرح اگر یومیہ 2000 گاڑیوں کی پارکنگ کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں 20 ہزار سے زائد کی یومیہ آمدنی ہوجاتی ہے جو کہ بغیر کسی حساب کے غیر محسوب آمدنی کا حصہ بنتی جا تی ہے اسی لئے 10یا20روپئے ادا کرنے کے بجائے وصولی کرنے والوں کے خلاف 100نمبر پرشکایت درج کروائیں ۔
افطار پارٹیوں کی رقم راشن کٹس میں خرچ کی جائے : سید شمشاد قادری
شمس آباد /23 مئی ( سیاست نیوز ) آل انڈیا میناریٹیز ویلفیر اسوسی ایشن اور آل انڈیا مسلم تھنک ٹینک اسوسی ایشن کی جانب سے راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ سید شمشاد قادری صدر اسوسی ایشن نے بتایا کہ 100 سے زائد غریب خواتین میں راشن کٹ تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ اور محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر سے اپیل کی کہ رمضان میں افطار پارٹیوں پر خرچ کی جانے والی رقم کو راشن کٹ میں تبدیل کیا جائے تو ہر غریب خاندان تک راشن پہونچے گا ۔