بار کونسل رکنیت کے لیے وحید احمد کا ادخال پرچہ نامزدگی

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل کی رکنیت کے لیے مسٹر وحید احمد ایڈوکیٹ و رکن تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے ہائی کورٹ کے احاطہ میں واقع اسٹیٹ بار کونسل میں سکریٹری بار کونسل کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ اس موقع پر ایم اے عظیم ایڈوکیٹ و رکن تلنگانہ میناریٹی کمیشن کے علاوہ محمد اسمعیل ، محمد عظیم قادری ، ارشان احمد خاں ، سید عثمان ، محمد مقصود پٹیل ، محمد رحیم خاں ، امتیاز فیضی ، محمد ساجد علی ، محمد اطہر حسین ، محمد ایاز الدین ایڈوکیٹس کے علاوہ دیگر ایڈوکیٹس کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ جوڈیشری میں اقلیتی وکلاء کی نمائندگی بڑھانے اور وکلاء کے مسائل کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کے مقصد سے انہوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاحال بار کونسل کے کسی مسلم رکن نے اقلیتوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لیے نہ ہی جدوجہد کیا اور نہ ہی احتجاج کیا ۔ جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے تمام وکلاء سے خواہش کی کہ وہ ووٹ دیں اور کامیاب بنائیں ۔۔