کولکتہ ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شہر کے ایک بار میں 8 جولائی کو فائرنگ کرنے والے کلیدی ملزم پر جس کی فائرنگ سے ایک راہگیر ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے تھے، علی پور سنٹرل جیل کے اس کے ساتھی قیدیوں نے حملہ کردیا۔ یہ واقعہ کل رات دیر گئے پیش آیا جبکہ کلیدی ملزم نانٹی پر اس کے سابق دوست گیان ساگر شرما نے کولکتہ جیل کے ایک کمرہ میں حملہ کردیا۔ پولیس پہنچ گئی اور اس نے نانٹی کو دیگر قیدیوں کے حملہ سے بچا لیا۔ اس واقعہ کے دوران وہ چلا رہا تھا بعدازاں اسے دوسرے کمرے میں منتقل کردیا گیا۔ نانٹی اس حملہ میں زخمی نہیں ہوا۔ اس سوال پر کہ کیا شرما کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ تاہم نانٹی اور دیگر 6 افراد کو فائرنگ کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا جو انہوں نے 8 جولائی کی رات کی تھی۔ بار کے ملازمین اور 8 نامعلوم افراد کے درمیان ادائیگی کے مسئلہ پر تکرار ہوگئی تھی ۔