نئی دہلی۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی مملکتی وزیر خارجہ ایم جے اکبر نے آج بارگاہ حضرت امام حسینؓ پر حاضری دی۔ وہ اس وقت عراق کے سہ روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے بارگاہ امام العباسؓ پر بھی حاضری دی جو کربلا کی جنگ میں شہید ہوئے۔ بعدازاں ایم جے اکبر نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں حضرت امام حسینؓ اور حضرت امام عباسؓ کی کربلا میں واقع بارگاہوں پر حاضری کا شرف حاصل ہوا ہے۔ کربلا شہر بغداد سے تقریباً 100 کیلومیٹر دُور واقع ہے۔ ایم جے اکبر سہ قومی دورہ پر ہیں اور وہ پہلے شام و لبنان جاچکے ہیں ۔ وزارت اُمور خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایم جے اکبر نے عراق کی علاقائی سالمیت و اتحاد کیلئے ہندوستان کی تائید کا یقین دلایا اور کہا کہ ایک مستحکم ، پرامن ، متحدہ اور جمہوری عراق کیلئے نئی دہلی پابند ِعہد ہے۔ عراق اس وقت اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیوں سے بری طرح متاثر ہے جس نے ملک کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرلیا ہے۔