کابل،28دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان سکیورٹی حکام کے مطابق سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کے پھٹنے سے کم از کم چھ بچے ہلاک ہوئے ۔ بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ شمالی صوبے بلخ میں رونما ہوا۔ بلخ صوبے کے ضلع دولت آباد کے انتظامی افسر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام بچے چرواہے تھے ۔ ان کی عمریں آٹھ سے دس برس کے درمیان تھیں۔ کسی گروپ نے اس بارودی سرنگ کو زیر زمین نصب کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن مقامی سکیورٹی اہلکاروں کا خیال ہے کہ یہ کارروائی طالبان عسکریت پسندوں کی ہو سکتی ہے کیونکہ وہ افغان حکام، پولیس اور فوجیوں کو نشانہ بنانے کوشاں ہیں۔