اسلام آباد ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک مکان میں رکھا گیا بارودی مواد پھٹنے سے سات افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ تحصیل نال کے خیٹ چک نامی گاؤں میں چہارشنبہ کو پیش آیا۔ نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے جاری ہونے والے پریس نوٹ کے مطابق اس گاؤں میں حادثاتی طور پر بھڑکنے والی آگ نے جب کانکنی کے لیے ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد کو لپیٹ میں لیا تو زوردار دھماکہ ہوا۔ حکام کے مطابق بارودی مواد پھٹنے اور آگ کی زد میں آ کر جھلسنے سے اب تک سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں بھی تین خواتین، چار بچے اور سات مرد شامل ہیں جن کا تعلق تحصیل نال سے ہی ہے۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہیں لیویز کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو نال اور خضدار کے سیول ہاسپٹل منتقل کیا۔