‘بارش کے دیوتا’ کو ملا راجندر یادو ہنس کتھاایوارڈ

نئی دہلی، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندی کی مشہور نوجوان مصنفہ پرتیکشا سنہا کو کہانی کے ذریعہ معاشرے میں پھیلی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے لئے راجندر یادو ہنس کتھا ایوارڈ پیش کیا گیا ہے ۔ گروگرام میں پاور گرڈ کارپوریشن میں ملازم مسز سنہا کو یہ اعزاز ہندی کے نامور مصنف راجندر یادو کی جینتی کے موقع پر منگل کی شام کو دیا گیا۔ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے سرفراز مصنف ادے پرکاش نے 2018 کا یہ ایوارڈ مسز سنہا کو ان کی کہانی’بارش کے دیوتا’ کے لئے دیا۔ اس ایوارڈ کے جیوری مسٹر ادے پرکاش تھے ۔ اس موقع پر ہنس میگزین کے سوشل میڈیا پر خصوصی شمارہ کی بھی رونمائی ہوئی اور پہلی بار رسالہ کو فروخت کرنے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں مقررین نے تیلگو کے مشہور شاعر ور ور راؤ، انسانی حقوق کے کارکن گوتم نو لکھا اور ایڈووکیٹ سدھا بھاردواج وغیرہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کئے جانے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ملک میں مصنفوں، دانشوروں کو ڈرانے کیلئے خوف کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے وقت کا سچ نہ لکھیں اور نظام کو بے نقاب نہ کریں۔ منشی پریم چند کے ذریعہ نکالے گئے میگزین’ہنس’کے سابق ایڈیٹر راجندر یادو کی یاد میں ہر سال ان کی پیدائش کے دن پر یہ ایوارڈ کسی بہترین کہانی کو دیا جاتا ہے۔