بارش کے باوجود کشمیر ہائی وے پر یک طرفہ ٹریفک جاری

سرینگر۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والے تین سو کلو میٹر طویل نیشنل ہائی وے پر ایک طرف سے ٹریفک جاری ہے جس کے تحت آج گاڑیوں کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت دی گئی۔ٹریفک پولیس افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ بارش کے بعد بھی شاہراہ پر آج سرینگر سے جموں کی طرف ٹریفک جانے کی اجازت دی گئی ہے اور مخالف سمت سے کسی گاڑی کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں گاڑیوں میں خالی ٹرک اور آئل ٹینکروں کے علاوہ مسافروں کو لے جانے والی گاڑیاں آج صبح یہاں سے جموں کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔گزشتہ 6جنوری کو شدید برفباری کے بعد سے ہی ہائی وے پر ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہے ۔ اس سے لوگوں کو وادی میں ضروری اشیاء کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔