سڑکوں پر جگہ جگہ پانی ، کئی محلوں میں پانی جمع ہونے سے مشکلات
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں غیرموسمی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ رات کے اوقات میں ہورہی ہلکی اور تیز بارش کے سبب شہر کے مختلف مقامات پر درختوں کے گرنے کے علاوہ سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہنے کی اطلاع موصول ہورہی ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ تین یوم کے دوران زائد از 40 درختوں کے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے بموجب بلدیہ کا ایمرجنسی اسکواڈ مستعدی کے ساتھ سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کرنے اور درختوں کے گرنے کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ بلدیہ کی جانب سے کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فون نمبر 040-21111111 پر ربط کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ گزشتہ شب ہوئی بارش میں نارائن گوڑہ، کاچی گوڑہ، لکڑی کا پُل، خیریت آباد کے علاوہ بشیر باغ سے درختوں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئیں، اسی طرح عثمانیہ یونیورسٹی شیوم روڈ، اشوک نگر وغیرہ میں بھی موسلادھار بارش کے سبب کئی گھنٹوں تک پانی سڑکوں پر جمع رہا۔ پرانے شہر کے علاقوں تالاب کٹہ، تاڑبن، کالاپتھر، زہرہ نگر، حسینی علم، پرانی حویلی، چھتہ بازار، بی بی بازار چوراہے پر ٹریفک کا اژدھام دیکھا گیا۔ بی بی بازار چوراہے سے میرعالم منڈی پر جانے والی سڑک پر جاری آبرسانی پائپ لائن کی تنصیب کے کاموں کیلئے کھودے گئے گڑھوں کے سبب سڑک کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے۔ موسلادھار بارش اور سڑک پر پانی بہنے سے سڑک پر موجود گڑھے نظر نہ آنے کے سبب حادثات کا خدشہ پیدا ہورہا ہے۔ کاواڑی گوڑہ، کاچی گوڑہ کے علاوہ عنبرپیٹ کے علاقوں سے بھی پانی جمع ہوجانے کی شکایات موصول ہوئیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نالوں اور ڈرینج کی صفائی کے کام انجام دیئے جارہے ہیں تاکہ پانی کی نکاسی کے عمل کو درست کیا جاسکے۔ کل رات دیر گئے ہوئی بارش اور شدید ژالہ باری کی وجہ سے شہر کے نواحی علاقوں میں بھی درختوں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ شہر کی سڑکوں کے درخت گرنے سے آج صبح کی اولین ساعتوں میں کئی گھنٹوں تک شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام رہی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ نے سڑکوں سے درختوں کو ہٹاتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بحال کرنے میں مدد کی۔