مفاد عامہ کے نام پر مشورہ کوتاہیوں کی پردہ پوشی کی کوشش
حیدرآباد۔12ستمبر (سیاست نیوز) عوام بارش کی صورت میں گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں ہی باہر نکلیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ بارش کی صورت میں عوام گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں کیونکہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں موسمی پیش قیاسی کا جائزہ لینے کے بعد ظاہر کئے جانے والے امکانات کے مطابق شہر حیدرآباد کے بلدی حدود و نواحی علاقوں میں زوردار بارش ہو سکتی ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ بارش سے قبل انتظامیہ عوامی مفاد کے نام پر انتباہ جاری کرتے ہوئے اپنی کوتاہیوں کی پردہ پوشی کی کوشش کر رہا ہے۔ گذشتہ ماہ کے اواخر میں ہوئی موسلادھار بارش کے دوران کمشنر بلدیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ شہر کے کسی علاقہ کی سڑک قابل استعمال نہیں تھی اور یہ صورتحال کئی گھنٹوں تک رہی ۔ شہر میں سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی شکایات اب عام بات ہو چکی ہے اسی لئے ٹریفک اژدھام و کھلے مین ہولس سے بچنے کے نام پر بارش کے وقت شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے پانی کی بہتر نکاسی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے بجائے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا جانا دراصل اپنی عدم کارکردگی کی پردہ پوشی کی کوشش ہے۔دونوں شہروں میں اہم سڑکیں ہوں یا نشیبی علاقے بلکہ اب تو پاش علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے لگا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ شہر میں موجود تالابوں اور نالوں پر کئے گئے قبضۂ جات کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اس صورتحال سے عوام کو نکالنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ان قبضۂ جات کی برخواستگی کو یقینی بنایا جائے۔