بارش میں کمی کے آثار: محکمہ موسمیات

حیدرآباد۔/16جولائی، ( سیاست نیوز) اب جبکہ مانسون کے سرگرم ہونے کو لیکر لوگوں میں ایک تجسس پایا جاتا ہے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ بارش میں کمی واقع ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جنوب مغرب مانسون جو 17جولائی سے سرگرم ہونے والے تھے اب بارش میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ اوسط سے ہلکی بارش ، بوندا باندی ساحلی آندھرا، تلنگانہ کے چند علاقوں میں ہوگی جبکہ رائلسیما کے ایک دو مقامات پر بارش ، بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف میں مطلع ابرآلود رہے گا۔ چند مقامات پر بارش، بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
اعظم ترین اور اقل ترین درجہ حرارت بالترتیب 31اور23 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہوگا۔

بجز تلنگانہ، تمام ریاستوں میں
تعمیراتی ورکرس بہبود بورڈموجود
نئی دہلی۔/16جولائی، ( پی ٹی آئی) مرکزی حکومت نے آج کہا کہ تلنگانہ کے سواء دیگر تمام ریاستوں نے عمارات و دیگر تعمیراتی مزدوروں کے بہبودی بورڈ تشکیل دیئے ہیں۔ مملکتی وزیر محنت وشنو دیو سائی نے راجیہ سبھا میں دیئے گئے اپنے تحریری جواب میں انکشاف کیا کہ منی پور، ناگالینڈ، دادرا و نگر حویلی اور لکشا دیپ کے سوا دیگر تمام ریاستوں میں ان بورڈس کی طرف سے تعمیراتی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف فلاحی اسکیمات وضع کی گئی ہیں۔ وشنو دیو سائی نے کہا کہ ’’ تلنگانہ کے سواء ہر ایک دوسری ریاست نے عمارات اور دیگر تعمیراتی مزدوروں ( کے روزگار ضابطہ اور کام کے حالات ) کے قانون 1996ء کے تحت بہبودی بورڈس تشکیل دیئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے تمام ریاستی حکومتوں اور بورڈس کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی ورکرس کے رجسٹریشن کیلئے اقدامات کئے جائیں۔