ممبئی، 31اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں زبردست بارش کے دوران منگل کو گھر لوٹتے وقت مین ہال میں گر جانے والے ممبئی اسپتال کے سینئر ڈاکٹر دیپک امرا پُرکر کی لاش آج ورلی میں ایک نالے سے برآمد ہوئی۔پولیس نے کہاکہ صبح ورلی کے نزدیک نالے میں ایک لاش موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ لاش کی شناخت ڈاکٹر امراپُرکر کے طور پر کئی گئی۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہے ۔زبردست بارش کے بعد ڈاکٹر امراپُرکر پیدل جا رہے تھے ۔ اس دوران وہ پارلے میں ایک مین ہال میں گر گئے تھے ۔ اسپتال سے ڈاکٹر کا گھر مشکل سے 10 منٹ کی دوری پر ہے ۔ بھاری بارش کی وجہ سے وہ اپنی کار سے آنے کی بجائے پیدل نکل پڑے تھے اور رات گئے تک گھر نہیں پہنچے ۔ڈاکٹر امرا پُرکر کی موت کے بعد ممبئی میں گزشتہ دو۔ تین دنوں کے دوران ہوئی بارش میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چھ ہوگئی ہے ۔