کوآرڈینٹر تلنگانہ پرجا فرنٹ مسٹر ویدا کمار کا بیان
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) غیر موسمی بارش کے سبب علاقہ تلنگانہ میںہوئی تباہی اور کسانوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کے لئے متاثرہ کسانوں کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ پرجافرنٹ کے قائدین نے کہاکہ صرف ورنگل میں ایک لاکھ پچاس ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی۔
آج یہاں بتایا کہ نائب صدر واسٹیٹ کوآرڈینٹر تلنگانہ پرجافرنٹ مسٹر ایم ویدا کمار نے کہاکہ ورنگل میںاب تک چھ ہزار کسانوں نے معاشی پریشانیو ںکے سبب خودکشی کی اور پچھلے دودنوں کی بارش میںہوئی تباہی کے بعد حکومت کا تساہل مزیدکسانوں کی خودکشی کاسبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے ورنگل کے بشمول تلنگانہ کے دیگر اضلاع میںآم اور مرچی کے علاوہ دیگر فصلوں کو ہوئے نقصانات کی بھرپائی کے لئے حکومت کو فی ایکڑ پچاس ہزار روپئے کے حساب سے ایکس گریشیاء فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔
مسٹر ویدا کمار نے کہاکہ مذکورہ واقعات سے علاقہ تلنگانہ میں غم کا ماحول ہے ۔ انہوں نے فی ایکڑ پچاس ہزار روپئے ایکس گریشیاء کے علاوہ ـژالہ باری میں ہوئے زخمیوں کو بھی ایکس گریشیاء فراہم کرتے ہوئے کسانوں کی مزید خودکشیوں کو روکنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کسانوںکے ساتھ مزیدناانصافیوں کے خلاف تلنگانہ پرجافرنٹ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ پرجافرنٹ مسٹر مدی لیڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔