مہلوکین کے ورثاء کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ ، گورنر کو چندر ا بابو کا مکتوب
حیدرآباد۔ 11 مئی (این ایس ایس) صدر تلگو دیشم پارٹی اور سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن پر زور دیا کہ حالیہ شدید بارش کے باعث فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لینے اور اس میں ہلاک 9 اشخاص کے خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ گورنر کے نام ایک مکتوب میں تلگو دیشم پارٹی سربراہ نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ ہر مہلوک کے خاندان کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ شدید بارش میں 1.25 لاکھ ایکرس میں چاول، مرچ ، کپاس اور مکئی کی فصلوں کو نقصان ہوا اور اس سے آم کے باغات کو بھی نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ ہزاروں بکریاں اور دیگر مویشی ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے گورنر پر زور دیا کہ ریاستی حکومت کو فوری حرکت میں لانے اور بارش کے باعث فصلوں کو ہوئے نقصانات پر ایک رپورٹ کی تیاری اور اسے مرکز کو روانہ کئے جانے کے سلسلے میں اقدامات کئے جائیں تاکہ مرکز کی ٹیم بارش سے متاثرہ علاقوں کا جلد دورہ کرسکے۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ قبل ازیں رپورٹ کی تیاری اور مرکزی ٹیم کے متاثرہ علاقوں کے دورہ میں تاخیر کی وجہ سے کسان ریلیف حاصل کرنے سے محروم ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ریاست میں صدر راج نافذ ہے، اس لئے گورنر کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے چاہئے۔