بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری کام انجام دینے کی ضرورت

ضلع کلکٹر اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو فوری توجہ دینے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کلکٹر حیدرآباد اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ وہ امکانی بارش کے پیش نظر چوکسی برقرار رکھیں تاکہ نشیبی علاقوں کے عوام کی بروقت مدد کی جاسکے ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور بارش کا پانی مکانات میں داخل ہونے کی صورت میں فوری طور پر بلدیہ کی ایمرجنسی اسکواڈ سے ربط قائم کریں۔ محمود علی نے آج اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قا ئم کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں ابھی بھی پانی کی موجودگی سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ کے تحت بعض علاقوں میں آج بھی پانی برقرار رہا اور عوام گھروں میں عملاً محروس ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے سبب نشیبی علاقوں کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایسے علاقہ جو ابھی بھی پانی میں گھرے ہوئے ہوں، عوام کی منتقلی کا انتظام کیا جائے ۔ ضرورت پڑنے پر ریلیف کیمپ قائم کرتے ہوئے متاثرین کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہو شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہم کے امکانات کا جائزہ لینا چاہئے ۔ مکانات کے پانی میں گھرے رہنے سے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو عہدیداروں نے بتایا کہ کل بارش کے بعد سے آج تک مختلف علاقوں میں 140 خصوصی ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ پانی کی نکاسی کے علاوہ برقی سربراہی کی بحالی اور سڑکوں سے رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے لہذا نظم و نسق کو چوکسی برقرار رکھنی ہوگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ شہر کے انچارج وزیر کے ٹی راما راؤ نے ریلیف کے کاموں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات دی ہے ۔ ان کے علاوہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خود بھی عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ محمود علی نے شیورام پلی ، اعظم پورہ اور دیگر علاقوں سے شکایات موصول ہونے پر جی ایچ ایم سی کمشنر کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ اعظم پورہ علاقہ میں پانی جمع ہونے سے اطراف کے مکینوں کو مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نشیبی علاقوں کے عوام کو پہلے ہی سے چوکس کردیں تاکہ وہ محفوظ مقامات منتقل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے سبب جن مکانات کو نقصان پہنچا ہے، ان کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کی جانب سے امداد منظوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکام کی چوکسی کے باعث طوفانی بارش کے باوجود جانی و مالی نقصانات میں کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے دیگر اضلاع کے کلکٹرس کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت دی۔