ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7 ۔جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی کل 8 جولائی 9 رمضان المبارک کو تاریخی مکہ مسجد میں بعد نماز تراویح باران رحمت کیلئے خصوصی دعا میں شرکت کریں گے۔ مکہ مسجد میں جہاں نماز تراویح میں روزانہ تین پارے سنائے جارہے ہیں۔ منگل کو ختم قرآن ہوگا۔ ختم قرآن کے بعد خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری عبداللہ قریشی الازہری باران رحمت کیلئے خصوصی دعاء کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھی خصوصی دعاء میں شریک ہوں گے اور اس موقع پر مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ محمد محمود علی نے علماء و مشائخ کے علاوہ عامتہ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ خصوصی دعاء میں شرکت کرتے ہوئے رحمت الٰہی کے نزول کیلئے دعاء کر یں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے بارش نہ ہونے کے سبب عوام کو کئی ایک مشکلات کا سامنا ہے۔ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں ہم اپنی عبادتوں اور دعاؤں کے ذریعہ رحمت الٰہی کے نزول کو یقینی بناسکتے ہیں۔ رمضان کا پہلا دہا رحمت کا ہے اور اس دہے کے اختتام پر مسلمانوں کو انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ رحمت باراں کیلئے خصوصی دعاوؤں کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے شہر اور تلنگانہ کے تمام اضلاع کے ائمہ مساجد اور حفاظ سے اپیل کی کہ وہ روزانہ تراویح کے بعد بارش کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔