ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ، ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی تحقیق میں انکشاف
حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) بادام کھانے سے دماغ ہی تیز نہیں ہوتا بلکہ قلب سے متعلق بیماریوں میں بھی کمی آتی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق کے مطابق دوسرے درجہ کی ذیابیطس میں مبتلاء افراد اگر ہفتہ میں 54مرتبہ بادام کا استعمال کرتے ہیں تو ان کو قلب پر حملہ اور قلب کی شریانو ںسے متعلق عوارض سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔16ہزار217افراد پر کی گئی اس تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جن لوگوں کو دوسرے زمرہ کا ذیابیطس کی نشاندہی ہوئی ہے ان لوگوںکے بادام کے استعمال سے ان کو ہونے والے عوارض میں 11تا15فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ ہفتہ میں ایک مرتبہ بھی بادام کا استعمال اپنی عادت بنا لیتے ہیں ان کی شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کے خدشات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جاتی ہے۔ ماہرین کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ جو افراد امراض قلب میں مبتلاء ہیں اگر وہ بادام کے استعمال کا آغاز کرتے ہیں تو ان کی شریانیں قوی ہونے لگتی ہیں اور امراض قلب کے دور ہونے کے امکانات پیدا ہونے لگتے ہیں۔بادام کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھنے والے ذیابیطس کے مریضوں کو قلب کے امراض میں مبتلاء ہونے کے خدشہ میں 27 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اگر کوئی ذیابیطس کی نشاندہی سے قبل بادام کا استعمال نہیں بھی کرتا تھااور اگر اس کے بعد بھی اس نے بادام کے استعمال کی شروعات کی ہے تو اس کے لئے بھی یہ عمل فائدہ بخش ثابت ہوتا ہے۔بتایاجاتاہے کہ ماہرین نے اس تحقیق کے دوران جنس ‘ جسامت‘ وزن اور سگریٹ نوشی کرنے والوں اور نہ کرنے والوں کے زمروں کو بھی علحدہ رکھا ہے اور ان کے لئے بھی اس عمل کو فائدہ بخش پایا گیا ہے۔ ہارورڈ کے ماہرین کی یہ نئی تحقیق سابق میں ہونے والی دیگر تحقیقی رپورٹس کی تائید کرتی ہے اور اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ بادام کے استعمال سے قلب کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے اور شریانوں کو بادام مستحکم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس کے سبب قلب کے عوارض میں ہونے والے اضافہ کے خدشات کو دور کرنے میں بھی انتہائی معاون ہے۔