باحجاب خاتون کیساتھ بدکلامی کا ایک اور واقعہ

واشنگٹن۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ایک باحجاب خاتون کو ہراساں کرنے اور اس کے ساتھ بدکلامی کرنے کا واقعہ ایک کیفے میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اس خاتون سے پوچھا کہ کیا اس کے پاس گرین کارڈ ہے؟ یاد رہے کہ نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر امتناع کے فیصلہ کے بعد کسی باحجاب خاتون کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ ایک کافی شاپ میں مسلم امریکی خاتون نے اس پورے واقعہ کی فلم بندی کرلی جہاں اسے گالیاں دی گئیں اور ایک شخص نے اس کی تصاویر بھی کھینچی۔ اطلاعات کے مطابق 39 سالہ اسماء نے ’’جوز کافی شاپ‘‘ میں ایک شخص کو دیکھا جو اس کے پاس آکر اس کی تصاویر کھینچنے لگا۔ اس وقت اسماء اپنے لیاپ ٹاپ پر کچھ کام کررہی تھیں۔ اسماء جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی پولیٹیکل سائنس گریجویٹ طالبہ ہے اور ریاستی نمائندہ برنیڈہ لوپیز کی لیجسلیٹیو انٹرن بھی ہے۔ اسماء نے اس شخص سے پوچھا کہ وہ اس کی تصاویر کیوں کھینچ رہا ہے تو اس نے کہا کہ وہ اسماء کے پیچھے بیٹھے ہوئے شخص کی تصاویر کھینچ رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے اسماء سے پوچھا کہ کیا اس کے پاس گرین کارڈ ہے۔ اس سارے واقعہ کی اسماء نے ویڈیو بناکر فیس بُک پر پوسٹ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور 90,000 افراد نے اسے دیکھا۔