بابو موہن کی کے سی آر سے ملاقات، ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ

میدک لوک سبھا سے وجئے شانتی کے خلاف مقابلہ کے خواہاں، قطعی فیصلہ صدر ٹی آر ایس پر منحصر

حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم قائد و سابق وزیر بابو موہن نے آج ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق کے سی آر نے بابو موہن کی شمولیت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں انہیں ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ بابو موہن یکم اپریل کو باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کرلیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بابو موہن لوک سبھا کی نشست سے مقابلہ کے خواہاں ہیں تاہم کے سی آر ان کی شمولیت کے بعد لوک سبھا یا اسمبلی ٹکٹ کے بارے میں قطعی فیصلہ کریں گے۔ کے سی آر سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بابو موہن نے کہا کہ وہ لوک سبھا کیلئے مقابلہ کے خواہاں ہیں تاہم انہوں نے حلقہ کے بارے میں کے سی آر سے کچھ نہیں کہا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ حلقہ لوک سبھا میدک سے وجئے شانتی کے خلاف ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ وجئے شانتی 2009ء میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر اس حلقہ سے منتخب ہوئی تھیں۔ بابو موہن گذشتہ 16برسوں سے تلگودیشم سے وابستہ تھے۔ انہوں نے مجالس مقامی کے انتخابات میں ان کے حامیوں کو تلگودیشم ٹکٹ نہ دیئے جانے سے ناراض ہوکر پارٹی سے استعفی دے دیا۔ وہ میدک کے اسمبلی حلقہ اندول سے دو مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ این چندرا بابو نائیڈو نے انہیں اپنی وزارت میں وزیر لیبر کی حیثیت سے شامل کیا تھا۔ 2004ء اور 2009ء میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔