کانگریس سے دتاتریہ کا سوال ، صدارتی انتخاب کو سیاسی رنگ دینے کا الزام
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کانگریس سے سوال کیا کہ جب وہ اقتدار پر تھی اس وقت بابو جگجیون رام کو وزیراعظم اور ان کی دختر میرا کمار کو صدر کیوں نہیں بنایا ۔ مجوزہ صدارتی انتخابات میں میراکمار کو امیدوار بنانے اپوزیشن کے فیصلہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس صدارتی انتخابات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام ناتھ کووند صدارتی عہدہ کے لیے موزوں امیدوار ہیں اور کانگریس کو صدارتی انتخابات میں امیدوار کھڑا نہیں کرنا چاہئے ۔ اگر کانگریس کو میرا کمار کو صدر بنانے میں اتنی ہی دلچسپی تھی تو اس وقت ایسا کیوں نہیں کیا جب پارٹی اقتدار پر تھی ۔ کانگریس پارٹی نے بابو جگجیون رام کو وزیراعظم کیوں نہیں بنایا ؟ دتاتریہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میرا کمار کا بھی رام ناتھ کووند کے مساوی احترام کرتی ہے ۔ لہذا اپوزیشن کو حکمراں جماعت کی جانب سے کووند کو صدارتی عہدہ پر نامزد کرنے کے ارادوں پر شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس انتخابات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔۔