معاشی اصلاحات آنجہانی وزیر اعظم کی مرہون منت : پی چدمبرم
نئی دہلی 4 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤکو 90 کی دہائی میں شروع کی گئی معاشی اصلاحات کے سہرہ سے محروم نہیں کیا جاسکتا لیکن ایودھیا واقعہ ( بابری مسجد کی شہادت ) نے ان کے کیرئیر کو داغدار کردیا ہے ۔ چدمبرم نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی یہ تردید کرتا ہے کہ معاشی اصلاحات نرسمہا راؤ نے شروع کئے تھے ۔ وہی اس کی اصل وجہ تھے ۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ اور خود انہوں ( چدمبرم ) نے ایک سے زائد موقعوں پر یہ اعتراف کیا کہ نرسمہا راؤ کے بغیر ہم معاشی اصلاحات لاگو نہیں کرسکتے تھے ۔ وہ نہیں سمجھتے کہ معاشی اصلاحات کیلئے کوئی اور سہرہ لیتا ہوگا ۔ ان کی حکومت کے دوسرے پہلو بھی ہیں۔ وہ ڈرتے ہیں یہ کہتے ہوئے کہ ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت نے ان کے کیرئیر کو داغدار کردیا ہے ۔ نرسمہا راؤ کی حکومت میں پی چدمبرم وزیر تجارت تھے ۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کانگریس کیوں نہیں ان کی یوم پیدائش تقریب منعقد کرتی جبکہ بی جے پی ایسا کرتی ہے چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی اپنے کٹر ناقدین کی بھی تقریب منعقد کرتی ہے ۔ اصل بات یہ ہے کہ ہم نے نرسمہا راؤ کی حیدرآباد میں آخری رسومات پورے مرتبہ کے ساتھ ادا کی ہیں ۔ اس میں وزیر اعظم ‘ سونیا گاندھی اور دوسروں نے شرکت کی تھی ۔