بابری مسجد کی تعمیر کے وعدہ پر معافی ممکن

رامپور 28 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلمانوں سے قربت کیلئے بی جے پی کی کوششوں کے دوران اتر پردیش کے وزیر ’اعظم خان‘ نے آج کہا کہ مسلمان بی جے پی کی تائید پر غور کرسکتے ہیں اگر وہ بابری مسجد کی اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کا وعدہ کرے اور گجرات فسادات کیلئے معذرت کی جائے۔ اعظم خان نے کہا کہ اگر بابری مسجد کی شہادت جیسے سنگین جرم کیلئے صرف لفظ ’معافی‘ کے ذریعہ معذرت کو قبول کرلیا جائے تو پھر دستور‘ قانون‘ عدالتیں اور پولیس اسٹیشن بے سود ثابت ہوجائیں گے۔ وہ یہاں یونیورسٹی کیمپس میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ 25 فبروری کو بی جے پی سربراہ راج ناتھ سنگھ نے مسلمانوں سے کہا تھا کہ وہ اس کے خلاف کانگریس کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں اور بی جے پی کو ایک موقع دیا جائے۔

راج ناتھ نے کہا تھا کہ یہ بات ذہن نشین رکھ لی جائے کہ جہاں بھی اور جب کبھی کوئی غلطی ہوگی وہ تیقن دیتے ہیں کہ سر جھکاکر معذرت خواہی کی جائیگی۔ اعظم خان سماجوادی پارٹی میں مسلمانوں کے نمائندہ سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے راج ناتھ سنگھ کو یہ اعلان کرنا چاہئے کہ ان کی پارٹی ہی بابری مسجد کی شہادت کیلئے ذمہ دار ہے اور انہیں گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ راج ناتھ کے بیان پر معافی دی جاسکتی ہے، بشرطیکہ بی جے پی بابری مسجد بنانے کا وعدہ کرے اور وہ بذات خود بابری مسجد کے مقام کا دورہ کریں، اس سے قبل بی جے پی سے مسلمانوں کے تعلق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔