پرانے شہر میں پولیس کا فلیگ مارچ۔ اضافی عملہ کی تعیناتی
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بابری مسجد شہادت کی کل 6 ڈسمبر کو 25 ویں برسی کے پیش نظر پرانے شہر میں پولیس کا آج فلیگ مارچ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی قیادت میں پولیس کی دو ٹیموں نے شام 6 بجے تاریخی چارمینار تا راجیش میڈیکل ہال شاہ بنڈہ، ناگل چنتہ چوراہا، گولی پورہ ہری باؤلی چوراہا، گلزار حوض کے علاوہ چارمینار تا والگا ہوٹل، خلوت، مرغی چوک، موسیٰ باؤلی اور لاڈ بازار علاقہ میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں ساؤتھ زون کے تقریبا تمام پولیس اسٹیشنوں کے انسپکٹران و دیگر عملہ بھی شامل رہا ۔ 6 ڈسمبر یوم سیاہ کے پیش نظر پولیس نے پرانے شہر میں 60 حساس علاقوں کی نشاندہی کی ہے جن میں 15 انتہائی حساس علاقے ہیں۔ پولیس کی جانب سے یہاں پر بھاری پکیٹس متعین کئے گئے ہیں۔ اس بندوست کیلئے 8 اسسٹنٹ کمشنران، 30 انسپکٹران، 75 سب انسپکٹران کو چارمینار، فلک نما، میر چوک، سنتوش نگر ڈیویژنس میں متعین کیا جارہا ہے۔ دونوں فرقوں کے مشتبہ افراد پر پولیس کی کڑی نظر رکھی جارہی ہے جبکہ ساؤتھ زون کے کئی علاقوں میں گاڑیوں کی تلاشی مہم بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے دونوں شہروں میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات جاری کئے ہیں جو7 ڈسمبر تک نافذ العمل رہیں گے۔