بابا آشا رام کے فرزند کی درخواست ضمانت پر حکومت کو نوٹس

احمد آباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گجرات ہائی کورٹ نے آج خود ساختہ بھگوان آشارام کے فرزند نارائنا سائی کی درخواست عبوری ضمانت پر حکومت گجرات کو نوٹس جاری کی ہے ۔ جو کہ سورت کے ایک لڑکی کی عصمت ریزی کے الزام میں ان دنوں جیل میں ہے ۔ گجرات ہائی کورٹ کے جسٹس پریش اوپادھیائے نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ نارائنا سائی کی درخواست ضمانت پر جواب داخل کرے جس نے اپنی بیمار والدہ کی تیمار داری کے لیے 15 یوم کی ضمانت طلب کی ہے ۔ سائی کی والدہ لکشمی بین کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن ہونے والا ہے ۔ جن کی دیکھ بھال کے لیے عبوری ضمانت پر رہائی کی استدعا کی ہے ۔ نارائنا سائی ایک عصمت ریزی کیس کے سلسلہ میں دسمبر 2013 سے جیل میں مقید ہے ۔ جب کہ سورت کی دو بہنوں نے سائی اور ان کے والد آشارام کے خلاف جنسی حملہ اور عصمت ریزی کی علحدہ علحدہ شکایتیں درج کروائی تھیں ۔۔