امرتسر25دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب ریاستی بی جے پی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر لکشمی کانتا چاولہ نے ملک میں فرضی باباوں کے ذریعہ چلائے جارہے غیر قانونی دھندوں پر حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے ۔لکشمی کانتا نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ دہلی کے قلب میں ایک بابا کے آشرم کی موجودگی اور اس میں خواتین کے ساتھ استحصال کی بات سامنے آنا یہ سوال کھڑا کرتا ہے کہ خفیہ ادارے اور پولیس انتظامیہ آخر کیا کررہے تھے۔ انہیں اس کی بھنک کیوں نہیں لگی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس طرح تو کوئی بھی ملک کے دشمنوں کو آرام سے پناہ دے سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرمیت رام رحیم کی طرح یہ بابا بھی بڑے بڑے لیڈروں کے رابطہ میں رہا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت او ربالخصوص مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے یہی سوال ہے کہ ملک میں یہ غیر قانونی دھندے کیسے چل رہے ہیں اور حکومتیں کیوں ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتیں۔ صرف میڈیا میں انکشاف ہونے کے بعد ہی حکومتیں کیوں سرگرم ہوتی ہیں۔