بابائے قوم کی150ویں جینتی :کووند، مودی اور راہول کی باپو کو خراج

نئی دہلی۔2 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہول گاندھی نے منگل کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر کووند، مسٹر مودی اور مسٹر گاندھی نے راج گھاٹ جا کر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔مسٹر کووند نے اس سے پہلے مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا-”گاندھی جینتی کے دن باپو کو خراج عقیدت۔ گاندھی جی کی زندگی امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے آدرشوں کے لئے وقف تھی۔ آج ان آدرشوں کے تئیں ہماری وفاداری اور عزائم کو دوہرانے کا موقع ہے ۔ مہاتما گاندھی کی تعلیمات پوری انسانیت کے لئے آج بھی موزوں ہیں”۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا”محترم باپو کی 150 ویں یوم پیدائش پر متحد ہوکر ان کے خوابوں کو تعبیر دینے کا بہت اچھا موقع ہے ”۔انھوں نے اس موقع پر باپو اور ان کے آدرشوں پر مبنی اپنا ایک مضمون بھی شیئر کیا۔کانگریس صدرراہل گاندھی نے اس موقع پر بابائے قوم کو نمن کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا”گاندھی جی محض ایک مورتی نہیں ہیں،ان کے خیالات و نظریات اور اقدار ابدی ہیں جس کا پھیلاؤ ملک بھر میں ہے ۔ سچائی اور عدم تشدد، جس کے لئے وہ جیتے رہے اور جس کی وجہ سے ان کو قتل کر دیا گیا، ہمارے ملک کی بنیاد ہیں۔ سچے محب وطن کو ان کی حفاظت ضرور کرنی چاہئے ”۔مرکزی شہری ترقیات کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بھی باپو کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔

گاندھی جی کو سوچھ بھارت کی شکل میں عملی خراج عقیدت:مودی
نئی دہلی۔2 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے گاندھی جی کو آزادی سے زیادہ صفائی عزیز ہونے کا ذکر کرتے ہوئے آج کہا کہ ہمیں ان کے یوم پیدائش پر انہیں صاف اور صحت مند ہندوستان کی شکل میں عملی خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔مودی نے یہاں راشٹرپتی بھون میں ‘گاندھی ایٹ 150’ کے نام سے بابائے قوم کے 150 ویں یوم پیدائش کے سال کے آغاز اور ‘مہاتما گاندھی بین الاقوامی سووچھتا کانفرنس’ کے اختتام پر مشترکہ پروگرام سے خطاب میں کہا کہ ‘باپو کا خواب صفائی کے عزم پر مبنی تھا۔ آزادی کی لڑائی کے وقت گاندھی جی نے کہا تھا کہ صفائی اور آزادی میں وہ صفائی کو ترجیح دیں گے ۔