ممبئی ۔ 18 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بابائے اٹامک انرجی پروگرام ہومی جے بھابھا کا ساحل سمندر واقع سہ منزلہ بنگلہ ’’مہران گیر ‘‘ کو آج 372 کروڑ روپئے میں ہراج کیا گیا۔ بولی دینے والے کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔ یہ بنگلہ جنوبی ممبئی کے مالا بار ہل علاقہ میں واقعہ ہے۔ اب تک یہ بنگلہ نیشنل سنٹر فار پرفارمنگ آرٹس کی تحویل میں تھا۔ سنٹر کے صدرنشین خسرو سنتوک نے ہراج کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے یہ جائیداد جمشید بھابھا کی وصیت کے مطابق فروخت کردی ہے۔انہوں نے نہ صرف یہ جائیداد بلکہ دیگر شخصی اشیاء اس خیراتی ادارہ کیلئے وقف کردی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بنگلہ کیلئے جملہ 8 گولیاں موصول ہوئیں لیکن میڈیا کی منفی تشہیر کے باعث آج تین بولی دہندگان یہاں پہنچے ۔ ان میں اعظم ترین بولی کو قطعیت دیدی گئی۔