حیدرآباد۔ یکم جولائی (این ایس ایس) بائیں بازو کی طلبہ یونینوں کی جے اے سی نے تلنگانہ کے تعلیمی شعبہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے 5 جولائی کو بند منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی ایس ایف، ایس ایف آئی، اے آئی ڈی ایس او، ٹی وی وی، اے آئی ایف ڈی ایس، اے آئی ایس بی نے مجوزہ بند سے متعلق آج یہاں ایک پوسٹر جاری کیا۔جے اے سی قائدین نے خانگی و کارپوریٹ اسکولوں اور کالجوں میں فیس میں مسلسل اضافہ کو روکنے، سرکاری ٹیچرس اور لیکچررس کی مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے کے علاوہ تلنگانہ کے تمام سرکاری و خانگی اسکولوں اور کالجس کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو سرکاری تعلیمی اداروں سے ایسی دلچسپی نہیں ہے جس طرح وہ کارپوریٹ اداروں سے دلچسپی رکھتے ہیں۔