بائیں بازو کا این ڈی اے حکومت کے خلاف احتجاج

بھوبنیشور ۔ 10 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیر قیادت مرکز کی این ڈی اے حکومت پر عوام دشمن پالیسیوں پر عمل آوری کا الزام عائد کرتے ہوئے 5 بائیں بازو کی پارٹیوں نے آج حکومت کی کئی محاذوں پر ناکامی کے خلاف احتجاج کیا جس میں بیرون ملک جمع کالا دھن وطن واپس لانے میں ناکامی بھی شامل ہیں۔ احتجاجیوں نے اڈیشہ کی بی جے پی حکومت کے کرپشن اور کئی کروڑ روپئے کے چٹ فنڈ اسکام پر بھی شدید تنقید کی جس کی تحقیقات سی بی آئی کی جانب سے جاری ہے ۔ دھرنے سے سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، فارورڈ بلاک، ایس یو سی آئی اور سی پی آئی(ایم ایل) لبریشن کے قائدین نے مخاطب کیا ۔ ایک یادداشت بھی گورنر کو پیش کی گئی جس میں مطالبات کو اجاگر کیا گیا تھا۔ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بائیں بازو کے قائدین نے کہا کہ حالانکہ بی جے پی اور نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ کالا دھن برسر اقتدار آنے کے اندرون 100 دن وطن واپس لایا جائے گا لیکن وہ اب اپنے تیقن سے دستبرداری اختیار کر رہی ہے۔ مودی حکومت پر بیروزگاری ، قیمتوں میں اضافے اور کرپشن پر قابو پانے سے قاصر رہنے پر انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں این ڈی اے دور حکومت میں آسمان چھو رہی ہے۔ بائیں بازو قائدین نے کہا کہ کرپشن کو کچلنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت نے کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں غریب سرمایہ کاروں کو داغدار چٹ فنڈ کمپنیوں نے ان کی محنت کی کمائی سے محروم کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کمپنیوں کے اثاثہ جات ضبط کرلئے جائیں اور غریب سرمایہ کاروں کو ان کی رقم واپس کرنے کا انتظام کیا جائے۔