بائیں بازو جماعتوں کے امیدواروں کو منتخب کرنے کا مشورہ

قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی ایس سدھاکر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے نریندر مودی کی زیر قیادت مرکز کی این ڈی اے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار سالوں میں مذکورہ حکومت نے ملک کو بانٹنے کی کوشش کے علاوہ کچھ اور کام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے آج یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر مخدوم بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کبھی بائیں بازو جماعتیں سیاسی طو ر پر کمزور ہوئی ہیں اس وقت فرقہ پرست طاقتیں ملک پر غالب آنے کی کوشش کی ہیں لہذا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمہوری حقوق کی حفاظت کیلئے بائیں بازو جماعتوں کے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ملک کی چوبیس ریاستوں میں پچاس سے زائد اپنے امیدوار کھڑا کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف الیکشن کے لئے وی وی پیاٹ پرچیوں کی گنتی کا کام کرے۔ قومی صدر تنظیم انصاف و سابق رکن راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالا کوٹ فضائیہ حملے کو بنیاد بناکر الیکشن جیتنے کی کوشش پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے اور اپنی خامیاں چھپانے کے لئے فضائی حملوں کا سہارا لے رہی ہے مگر اس قسم کے حربے جمہوری نظام میں کبھی کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جمعہ کے روز سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ کی ریاستی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں مجوزہ لوک سبھا الیکشن کے متعلق قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔