بائیو ایشیا 2015 عالمی کانفرنس ، وزیر بھاری صنعتیں تلنگانہ کا خطاب
حیدرآباد۔2فبروری ( سیاست نیوز) وزیر بھاری صنعتیں تلنگانہ مسٹر جوپلی کرشنا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں بائیو ٹیک انڈسٹریز کے قیام میں دلچسپی رکھنے والوں کو اراضی کی فراہمی ، انڈسٹریز کے قیام کی اجازت کے علاوہ دیگر کمپنی کے قیام میں درکار سہولتوں کی فراہمی میں اپنا بھرپور تعاون کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جدید تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹس ، ہائی کوالیٹی پراڈکٹس ، گلوبل وکیسن پروڈکشن، لیبریٹریز کا قیام کے ذریعہ بائیو ٹکنالوجی کو وسعت دیتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیا جاسکے ۔ مسٹر جوپلی کرشنا آج شام نوووٹل لون ہائی ٹیک سٹی میں ’’نیو ایرا آف لائف سائنس ‘‘کے موضوع پر منعقدہ ’’ بائیو ایشیا 2015ء ‘‘ دو روزہ عالمی کانفرنس کے افتتاح کے بعد جلسہ عام کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بائیو ٹیک انڈسٹریز کے قیام سے شہر حیدرآباد میں حفظان صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جاسکتی ہے ۔ منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آئی آئی سی مسٹر جیشس راجن ، اسپیشل چیف سکریٹری ٹو گورنمنٹ آف تلنگانہ مسٹر پرادیب چندرا نے بھی مخاطب کیا۔ کانفرنس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے زائد از ایک ہزار مندوبین شرکت کررہے ہیں ۔ اس موقع پر پرمننٹ سکریٹری منسٹری آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی تھائی لینڈ ، مسٹر اجیت شٹی ، ڈاکٹر پی وی اپاجی اور ڈاکٹر راگھون کے علاوہ دیگر مندوبین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔