بائیمسٹک قائدین کی نئی دہلی آمد

نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے صدر سری لنکا ایم سریشنا کے بشمول بائیمسٹک قائدین نئی دہلی پہونچ گئے ہیں۔ اِس تقریب میں بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے تھسرنگ بھی شرکت کریں گے۔ صدر بنگلہ دیش عبدالحامد کل رات ہی نئی دہلی پہونچ چکے ہیں۔ صبح میں ماریشس کے وزیراعظم پراوین جگوناتھ نئی دہلی پہونچے۔ اُنھوں نے جنوری میں بھی ہندوستان کا دورہ کیا تھا جبکہ وہ پرواسی بھارتیہ دیوس تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے تھسرنگ کا معتمد خارجہ وجئے گھوگلے نے ایرپورٹ پر خیرمقدم کیا۔ تھائی لینڈ کے خصوصی قاصد بھی صبح پہونچ چکے ہیں۔ صدر میانمار یوون مائنٹ بھی مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے ہندوستان آئے ہیں۔ راشٹراپتی بھون کے فور کورٹ میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں بائیمسٹک ممالک کے قائدین کے بشمول تقریباً 6 ہزار مہمان شرکت کررہے ہیں۔