ا66 اردو آفیسرس کے امتحانی نتائج کی اندرون دو یوم اجرائی

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے کہا کہ 66 اردو آفیسرس کے تقررات کیلئے منعقدہ امتحانی نتائج جلد جاری کردیئے جائیں گے۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نے پرچوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔ گریڈ I کے تحت 6 اور گریڈ IIکے تحت 60 جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ گریڈ I جائیدادوں کے لئے علحدہ انٹرویو رہے گا۔ انٹرویو کیلئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ انٹرویو کیلئے 30 نشانات مقرر کئے گئے ۔ گریڈ I کیلئے 30 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے طلب کیا جائے گا ۔ نتائج کے اعلان کے بعد نئی جائیدادوں کی محکمہ فینانس سے منظوری حاصل کی جائے گی جس کے بعد منتخب امیدواروں کو تقرر کے مکتوب حوالے کئے جائیں گے ۔ تقررات اور پوسٹنگ کا عمل اندرون ایک ماہ مکمل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں پہلی مرتبہ اردو آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ ان عہدیداروں کو چیف منسٹر ، وزراء ، ضلع کلکٹرس اور دیگر اہم دفاتر میں تعینات کیا جائے گا۔