ا66 اردو آفیسرس امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل

امتحانی مراکز پر سخت سیکورٹی ، سی سی کیمروں سے نظر، جے این ٹی یو کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے تقررات سے متعلق 20 مئی کو ہونے والے امتحان کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ جواہرلال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کے ذمہ داروں کے ساتھ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس میں امتحان کے سلسلہ میں قائم کئے جارہے مراکز اور ان میں طلبہ کی تعداد کو قطعیت دی گئی ۔ اجلاس میں رجسٹرار جے این ٹی یو پروفیسر یادیا ، او ایس ڈی پروفیسر وشوانادھم ، سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی سوسائٹی بی شفیع اللہ ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے شرکت کی ۔ پانچ مراکز میں ایک مرکز پر گریڈ I اور گریڈ II دونوں عہدوں کیلئے امتحانی مرکز رہے گا۔ گوکا راجو انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی نظام پیٹ کوکٹ پلی میں گریڈ I کے 978 اور گریڈ II کے 869 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ ایسے امیدوار جو دونوں عہدوں کیلئے امتحان لکھ رہے ہیں، ان کی سہولت کیلئے ایک ہی مرکز پر انتظام کیا گیا۔ ایسے امیدواروں کی نشستیں بھی ایک ہی کلاس میں رہیں گی تاکہ انہیں سہولت ہو۔ ایم ایل آر انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میڑچل میں 949 ، ملا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کومپلی سکندرآباد میں 800 ، نظام کالج بشیر باغ میں 950 اور وی این آر وگنان جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی باچپلی میں 950 امیدوار ہوں گے ۔ 4 امتحانی مراکز پر صرف گریڈ II کے امیدوار امتحان میں حصہ لیں گے ۔ دونوں امتحانات میں جملہ 5496 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ابتداء میں یہ تعداد 5549 تھی لیکن گریڈ I میں 9 اور گریڈ II میں 44 ایسے امیدوار پائے گئے جنہوں نے دو مرتبہ درخواست داخل کردی۔ پہلی درخواست میں کسی غلطی کے سبب ، دوسری مرتبہ آن لائین درخواست داخل کی گئی لہذا ایسی درخواستوں کو علحدہ کردیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امیدوار اگر ایک منٹ تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچتے ہیں تو انہیں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ہر امتحانی مرکز پر دو آبزرورس رہیں گے۔ ایک کا تعلق جے این ٹی یو اور دوسرے کا محکمہ اقلیتی بہبود سے رہے گا۔ آبزرورس کی حیثیت سے شاہنواز قاسم ، بی شفیع اللہ اور ایم اے وحید کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ جے این ٹی یو اور محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار روٹ آفیسرس کی حیثیت سے تمام مراکز کا معائنہ کریں گے۔ ہر مرکز پر پولیس کے سخت انتظامات ہوں گے اور امیدواروں کی تلاشی کے سلسلہ میں میٹل ڈیٹکٹر نصب کیا جائے گا۔ خاتون پولیس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی ۔ امتحانی مرکز میں داخل ہونے والے عہدیداروں کو شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ 20 مئی کو صبح 10 تا ایک بجے دن گریڈ II اور دوپہر 2 تا 5 بجے شام گریڈ I عہدہ کیلئے امتحان ہوگا۔