29 اپریل کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ ، حصول اراضیات بل میں ترمیم کا منصوبہ
حیدرآباد۔/27اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے قانون اسمبلی اور کونسل کے خصوصی اجلاس کے پروگرام کو قطعیت دے دی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی کا خصوصی اجلاس 30 اپریل اتوار کو 11 بجے دن جبکہ کونسل کا اجلاس سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ 29 اپریل کو 4 بجے شام بزنس اڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں ایجنڈہ کو قطعیت دی جائے گی۔ حکومت خصوصی اجلاس میں حصول اراضی سے متعلق بل کو ترمیمات کے ساتھ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اس بل کو منظوری دیتے ہوئے مرکز کو روانہ کیا تھا تاہم مرکز نے اس میں بعض ترمیمات کی سفارش کے ساتھ واپس کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی کے حصول کے شرائط و قواعد سے متعلق اس بل میں مرکزی حکومت نے 4 ترمیمات کی سفارش کی ہے۔ متاثرین کو اراضی کا معاوضہ فوری طور پر ادا کرنے کے سلسلہ میں قانون سازی کی مرکز نے سفارش کی ہے تاکہ پراجکٹس کیلئے اراضی حوالے کرنے والے افراد کے مفادات متاثر نہ ہوں۔ مرکز نے واضح کیا ہے کہ ان ترمیمات کے ساتھ بل کی منظوری کی صورت میں وہ بھی اسے منظوری دے گا۔ اراضی کا معاوضہ 2013 کے قانون سے کم نہیں ہونا چاہیئے بلکہ اس سے زائد ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت بل میں 4 ترمیمات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت نے قانون میں شامل اس شق پر بھی اعتراض جتایا کہ پارلیمنٹ کے بغیر صرف مرکز کی منظوری سے حصول اراضی بل کے تحت اراضی کے حصول کی ریاستی حکومت کو اجازت رہے گی۔ مرکز کی سفارشات کے مطابق تلنگانہ حکومت نے ترمیمات کے ساتھ حصول اراضی بل تیار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی اجلاس میں کسانوں کو بیج اور کھاد کی سربراہی سے متعلق بل بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔