ا23 اور 24 مئی کو آئی سیٹ 2019

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ریاستی سطح پر ایم بی اے ، ایم سی اے کورسیس میں داخلوں کے لیے ٹی ایس آئی سیٹ 2019 کا 23 اور 24 مئی کو آن لائن طریقہ کار کے ذریعہ انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ تلنگانہ ریاستی آئی سیٹ 2019 کے پرامن و شفاف انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے وسیع تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ کنوینر ٹی ایس آئی سیٹ 2019 پروفیسر سی راجیثم نے آج اس بات کا اظہار کیا اور بتایا کہ 23 اور 24 مئی کو منعقد ہونے والے آئی سیٹ 2019 کو آن لائن طریقہ کار کے ذریعہ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے آئی سیٹ 2019 کے بہتر انداز میں انعقاد عمل میں لانے کے لیے تمام امتحانی مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وسیع تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ۔ پروفیسر راجیثم نے بتایا کہ ٹی ایس آئی سیٹ 2019 کے لیے ریاست تلنگانہ میں جملہ 54 اور ریاست آندھرا پردیش میں 4 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ امتحانی اوقات سے ایک گھنٹہ قبل ہی تمام امیدوار امتحانی مراکز پر موجود رہنا چاہئے اور اتفاقی طور پر ایک منٹ کی تاخیر سے بھی امتحانی مرکز پہونچنے والے امیدوار کو نہ ہی امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی ۔ کنوینر ٹی ایس آئی سیٹ 2019 نے تمام امیدواروں سے مقررہ امتحانی وقت پر اپنے امتحانی مرکز پر موجود رہنے اور امتحانی ڈیوٹی پر تعینات عہدیداروں سے مکمل تعاون کرنے کی پر زور اپیل کی ۔۔