ا2019 ا نتخابات میں مقابلہ سے کجریوال کا انکار

نئی دہلی ۔23نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی و عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال نے آج دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی 2019ء کے انتخابات میں حصہ نہیںلے گی۔ انہوں نے اپنے ارکان سے کہہ دیاہے کہ انتخابات کے پیچھے نہ دوڑے ۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ پارٹی کو پنجاب میں بھی دہلی جیسا موقع مل سکتا ہے لیکن انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہے ۔ عوام اگر چاہتے ہیں کہ 2019ء کے انتخابات میں پارٹی مقابلہ کرے تو ان کا ردعمل کیا ہوگا ‘ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ ہم مقابلہ میں حصہ نہیں لیں گے ‘ دہلی کی کامیابی کرشماتی تھی ‘ ہمیںسخت محنت اور دیانتداری کے ساتھ کام کرنا ہے ۔ انتخابات کے پیچھے دوڑنا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی ہمیں موقع ملنے کے اشارے ملے ہیں ۔ وہ عام آدمی پارٹی کی قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ پارٹی کا یہ اجلاس توقع ہے کہ قومی عاملہ کے ارکان کا انتخاب کرے گا ۔ یہ پارٹی کی دوسری اعلیٰ ترین فیصلہ ساز مجلس ہے جس کے اجلاس کا آغاز آج اجلاس کے مقام کے باہر عام آدمی پارٹی کے اقدام کے احتجاج کے دوران ہوا ۔ ان احتجاجیوں کا دعویٰ تھا کہ انہیں اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ پارٹی کا اصل مقصد کرپشن سے نمٹنا ہے اور دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت پہلی حکومت ہے جس نے دھوکہ دہی پر اپنے ایک وزیر کو برطرف کردیا ہے۔