مرکزی وزیر لیبر و رو زگار بنڈارو دتاتریہ نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔ 26 مارچ (این ایس ایس) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج 13 ای ایس آئی موبائیل میڈیکل گاڑیوں کا آغاز کیا۔ بعد میں مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو 8 موبائیل میڈیکل ویانس الاٹ کئے گئے ہیں اور آندھرا پردیش کو پانچ ویانس الاٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ای ایس آئی طبی سہولتوں کو اضلاع عادل آباد، کریم نگر، ورنگل، کھمم، نلگنڈہ اور نظام آباد میں وسعت دی جائے گی، جبکہ آندھرا پردیش میں پانچ کلینکس اضلاع چتور، پرکاش، سریکاکلم ، وشاکھاپٹنم، مغربی گوداوری، نیلور اور اننت پور میں خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل میڈیکل ویانس اسکیم کو ملک کے دوسرے حصوں میں بھی روبہ عمل لایا جائے گا اور کہا کہ غیرمنظم شعبہ میں کام کرنے والے ورکرس کا ای ایس آئی کے تحت احاطہ کیا جائے گا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ہر کلینک میں ایک گاڑی کے ساتھ ایک ڈاکٹر فارماسسٹ اٹینڈنٹ، ڈرائیور اور ضروری ایکوپمنٹ اور ادویات ہوں گی۔ یہ ویان ایک دن میں دو مقامات پر ہر مقام پر تین تین گھنٹوں تک بنیادی تشخیص اور معائنے کرے گی۔ ہر مقام کا ہفتہ میں دو مرتبہ احاطہ کیا جائے گا۔ دتاتریہ نے مزید کہا کہ جلد ہی او بی سی کمیشن تشکیل دیا جائے گا اور یہ کمیشن خانگی شعبہ میں ریزرویشن کی فراہمی کے مسئلہ پر غور کرے گا۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ دیگر کمیونیٹیز کو بی سی فہرست میں شامل نہ کیا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قبل ازیں بی سی ریزرویشنس کا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا اور کاپو ریزرویشن کا مسئلہ ریاستی حکومت کا معاملہ ہے۔