ا12 اقلیتی اقامتی جونیر کالجس میں داخلے

5 مئی سے آن لائن درخواستیں: سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ
حیدرآباد۔/4 مئی، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے 12 اقامتی جونیر کالجس میں تعلیمی سال 2018-19 میں داخلوں کے شیڈول کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ شہر اور اضلاع میں واقع اقامتی جونیر کالجس میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کا 5 مئی کو آغاز ہوگا اور 15مئی تک درخواستوں کے ادخال کی سہولت رہے گی۔ ایس ایس سی امتحان میں گریڈ اور نشانات کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب 16 مئی تا 20 مئی کے درمیان ہوگا۔ منتخب امیدواروں کی فہرست 21 مئی کو جاری کی جائے گی۔ منتخب امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی جانچ متعلقہ کالجس پر 22مئی تا 25 مئی انجام دی جائے گی اور یکم جون سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقامتی جونیر کالجس حیات نگر( بوائز ) ضلع رنگاریڈی، ابراہیم پٹنم ( گرلز ) ضلع رنگاریڈی، ناگارم ( بوائز ) نظام آباد، کاماریڈی ( بوائز )، نلگنڈہ ( بوائز ) نلگنڈہ ( گرلز )، ورنگل اربن (بوائز)، محبوب نگر (گرلز )، ونپرتی ( بوائز )، بارکس ( بوائز ) حیدرآباد، کندی ( بوائز ) سنگاریڈی اور ظہیرآباد ( بوائز ) شامل ہیں۔ نظام آباد کے بوائز جونیر کالج میں سی ای سی اور ایم ای سی کورسیس میں 40-40 نشستیں ہیں جبکہ باقی تمام کالجس میں ایم پی سی اور بی پی سی کورسیس میں 40-40 نشستیں دستیاب ہیں۔ 12 کالجس میں ایم پی سی کے تحت جملہ 440 اور بی پی سی کے تحت 440 نشستیں ہیں۔ بی شفیع اللہ نے اقلیتی طلبہ سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی کالجس میں معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی اور اقامتی اسکولوں کی طرح بہتر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔